بنگلورو3؍ستمبر(ایس او نیوز) روزگار کی تلاش میں دیہی نوجوانوں کے ترک وطن کے سلسلہ کو ختم کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی طرف سے آدرش گرام یوجنا لاگو کی گئی ہے۔یہ بات آج مرکزی وزیر برائے منصوبہ بندی واعداد ڈی وی سدانند گوڈا نے کہی۔ بنگلور نارتھ تعلقہ ، بنگلور اربن ضلع اور پنچایت راج انجینئرنگ ڈویژن کے اشتراک سے 85لاکھ روپے کی مالیت کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں بیداری لاکر ان کو خود کفیل اور خود دار بناناحکومت کا منشا ہے۔خواتین کو فیشن ڈیزائن سمیت ہنر مندی کی تربیت سے آراستہ کرکے انہیں اپنے پیروں پر کھڑے ہونے میں مدد دی جائے گی۔وزیر موصوف نے کہاکہ آدرش گرام یوجنا کے پیچھے کوئی سیاسی مقصد کار فرما نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2016--17کے دوران انہوں نے اپنے حلقہ میں آنے والے مینو کنٹے دیہات کو آدرش یوجنا کے تحت اپنایا ہے۔ ایک سال کے دوران اس گرام پنچایت کو تمام تر بنیادی سہولتیں مہیا کرائی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ اس اسکیم کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ دیہی عوام کو روزگار کی تلاش میں شہری علاقوں کا رخ کرنے سے روکا جائے اور ان کے دیہاتوں میں ہی روزگار کے مواقع مہیا کرائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی کی طرف سے شروع کئے گئے سوچھ بھارت ابھیان کے تحت بھی ہر رکن پارلیمان کو اپنے حلقہ کا ایک دیہات اپنانا ہوگا۔ آدرش گرام یوجنا کے تحت گزشتہ سال ملک کے 1600 دیہاتوں میں نجی اشتراک سے ترقیاتی کام انجام دئے گئے ہیں۔ اس موقع پر بنگلور کے ڈپٹی کمشنر وی شنکر ، رکن کونسل رام چندرے گوڈا، بنگلور ضلع پنچایت صدر منی راجو اور دیگر موجود تھے۔